Saturday, 19 August 2023

٭میرا حاصل میری تقدیر بتا دے مجھ کو٭

میری درماندہ جوانی کی تمناؤں کے

مضمحل خواب کی تعبیر بتا دے مجھ کو

 

کون جانے مرے امروز کا فردا کیا ہے

قربتیں بڑھ کے پشیمان بھی ہو جاتی ہیں

دل کے دامن سے لپٹتی ہوئی رنگیں نظریں

دیکھتے دیکھتے انجان بھی ہو جاتی ہیں

 

میرا حاصل میری تقدیر بتا دے مجھ کو

 

تیرے ہاتھوں کی حرارت ترے سانسوں کی مہک

تیرتی رہتی ہے احساس کی پہنائی میں

ڈھونڈتی رہتی ہیں تخئیل کی بانہیں تجھ کو

سرد راتوں کی سلگتی ہوئی تنہائی میں

 

تیرا الطاف و کرم ایک حقیقت ہے مگر

یہ حقیقت بھی حقیقت میں فسانہ ہی نہ ہو

تیری مانوس نگاہوں کا یہ محتاط پیام

دل کے خوں کرنے کا ایک اور بہانہ ہی نہ ہو

 

تو کسی اور کے دامن کی کلی ہے لیکن

میری راتیں تری خوشبو سے بسی رہتی ہیں

تو کہیں بھی ہو ترے پھول سے عارض کی قسم

تیری پلکیں مری آنکھوں پہ جھکی رہتی ہیں

 

پیار پر بس تو نہیں ہے مرا لیکن پھر بھی

تو بتا دے کہ تجھے پیار کروں یا نہ کروں

تو نے خود اپنے تبسم سے جگایا ہے جنہیں

ان تمناؤں کا اظہار کروں یا نہ کروں

 

میری اجڑی ہوئی نیندوں کے شبستانوں میں

تو کسی خواب کے پیکر کی طرح آئی ہے

کبھی اپنی سی کبھی غیر نظر آئی ہے

کبھی اخلاص کی مورت کبھی ہرجائی ہے

 

چار دن کی یہ رفاقت جو رفاقت بھی نہیں

عمر بھر کے لیے آزار ہوئی جاتی ہے

زندگی یوں تو ہمیشہ سے پریشان سی تھی

اب تو ہر سانس گراں بار ہوئی جاتی ہے

 

میرے خوابوں کے جھروکوں کو سجانے والی

تیرے خوابوں میں کہیں میرا گزر ہے کہ نہیں

پوچھ کر اپنی نگاہوں سے بتا دے مجھ کو

میری راتوں کے مقدر میں سحر ہے کہ نہیں

 

(ساحر  لدھیانوی)

  

Saturday, 12 August 2023

٭خبط و آوارگی٭

ایک نظریہ  متبادل جہاں  ( Parallel Universe) ہے کہ اِس جہاں سے دور ایک اور اِس طرح کا جہاں موجود ہے، جو اِس زمین  پر نہ ہونے والے واقعات یا  ناممکنات کا مظہر ہے۔

میں اِس بات پر بھی پریشاں ہوں کہ کیا اِس وقت اُس زمین پر آپ میرے ہمراہ ہیں؟

کہ اگر میں یہاں نا ممکنات کی خواہش کا اسیر ہوں تو ایک الگ جہاں میں میری یہ خواہش ممکن بھی ہے اور موجود بھی ؟  مگر پریشانی یہ کہ کیا اُسی جہاں میں آپ بھی خواہش کے تحت ہمراہ ہیں یا آپ کسی اور جہاں میں کسی اور خواہش کی تکمیل میں ہیں!!!

کیا کسی موجود دنیا میں آپ مجبوریوں کے تحت مجھ سے بھی بندھی ہیں؟  کیا کہیں  آپ کے معاملات  میرے سپرد بھی کیے گئے ہیں؟ کیا کہیں میرے فرائض اور آپ کے حقوق متحد بھی ہیں؟

میں مانتا ہوں کہ اس زمین پر معیشت و معاشرت بھی ایک غم ہے،

لیکن یہ پریشانی بھی کم نہیں۔